بھٹکل5؍نومبر (ایس او نیوز)بالآخرکئی دنوں سے چلنے والا بھٹکل پی ایل ڈی بینک کے ڈرامے کا آخری سین پیش ہوا۔ پچھلے کچھ عرصے سے بینک کے صدر سنیل نائک کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے سلسلے میں کئی موڑ آئے تھے۔
جب یہ معاملہ ہائی کورٹ میں پہنچا تو عارضی اسٹے ملتے ہی صدر کے حمایتیوں نے جشن منایا ۔پھر اسٹے ہٹ گیا تو صدر سنیل نائک نے استعفیٰ دے دیا۔ لیکن عدالت کے احکام کے تحت 4نومبر کو بینک کے ڈائریکٹرس کی میٹنگ میں بالآخر عدم اعتماد کی تحریک پیش کرکے اسے منظور کرکیا گیا۔پولیس کے سخت بندوبست میں بینک کے ہیڈآفس میں منعقدہ اس اجلاس میں 8اراکین نے صدر سنیل نائک کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں ووٹ دیا اور گزشتہ تقریباً 3سال سے چل رہی سنیل نائک کی صدارت کا دور فی الحال ختم ہوگیا ۔سنیل نائک اور ان کے چند حمایتی اس اجلاس سے غیر حاضر رہے جبکہ ان کے مخالف اراکین نے بروقت میٹنگ میں حاضر رہ کر سنیل نائک کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ آئندہ چار پانچ دنوں کے اندر بینک کے نئے صدر کے لئے الیکشن کے تعلق سے انتخابی افسرا ن کی طرف سے اعلان کیا جائے گا۔